پولیوٹیم پر فائرنگ :چار افراد جاں بحق
شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔یہ افسوسناک واقعہ تحصیل دتہ خیل کے علاقے ڈانڈ گائوں میں پیش آیا۔
پاکستان پچھلے پچیس 30 برس سے پولیو کے خاتمہ کی جنگ لڑ رہا ہے اور اس جنگ کا سب سے بڑا ہتھیار پولیو ویکسین ہے جس کے استعمال سے پاکستان کو پولیو فری بنایا جا سکتا ہے۔ مخالفین کی طرف سے یہ پراپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ پولیو ویکسین نئی نسل میں بانجھ پن پیدا کرنے کی سازش ہے۔ یہ سراسر لغو پراپیگنڈا ہے۔ اس سازش کے اثرات سب سے زیادہ ناخواندہ علاقوں میں سامنے آرہے ہیںجہاں بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ اس تناظر میں سرکاری سطح پر سیمینار کا انعقاد کرکے عوام کو پولیو کے نقصانات اور پولیو ویکسین کی افادیت سے آگاہ کیا جانا ضروری ہے تاکہ پولیو ٹیموں پر فائرنگ کے واقعات کو روکا جاسکے۔ بدقسمتی سے ہر پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے۔ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے ڈانڈ میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ اس سے پہلے بھی پولیو مہم کو ناکام بنانے کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پولیو ٹیم کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ پاکستان کو پولیو کے مرض سے پاک کیا جا سکے۔