اسلام آباد : پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے ) نے کورونا ایس او پیز کے تحت پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے ۔ بھارت اور جنوبی افریقہ سمیت کیٹگری سی میں شامل ممالک پر پابندی برقرار رہے گی ۔
سی اے اے کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق کیٹگری سی میں شامل ممالک سے صرف پاکستانی شہریت رکھنے والے مسافروں کو ہی پاکستان آنے کی اجازت ہوگی ۔
کیٹگری سی میں شامل ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کو پرواز سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا جبکہ پاکستان پہنچے پر ائیر پورٹس پر ٹیسٹ بھی کیا جائیگا۔ سی اے اے نوٹیفیکیشن کے مطابق بھارت ، بنگلا دیش ، اندونیشیا ، سری لنکا ، جنوبی افریقہ سمیت 26 ممالک کو کیٹگری سی میں رکھاگیا ہے ۔ سی اے اے کی نئی ٹریول ایڈوائزری 15 جولائی تک قابل عمل ہوگی ۔