گیلانی‘ بوسن دونوں کرپٹ‘ ہم تھانہ کلچر کی سیاست کا خاتمہ کرینگے: احمد حسین ڈیہڑ
ملتان (نامہ نگار خصوصی) این اے 154 سے تحریک انصاف کا ٹکٹ ملنے کے بعد ملک احمد حسین ڈیہڑ نے پی پی 211 سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار چوہدری خالد جاوید وڑائچ ‘ پی پی 212 کے امیدوار ملک سلیم اختر 213 کیلئے وسیم بادوزئی کے ہمراہ گزشتہ روز باقاعدہ الیکشن انتخابی مہم کا آغاز کردیا تحریک انصاف کے کارکنان کی طرف سے گزشتہ روز لنگانہ چوک پر جلسہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں حلقہ این اے 154 پی پی 211 اور 212 سے کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ملک احمد حسین ڈیہڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام رہنما اور کارکن متحد ہیں ماضی میں حلقہ این اے 154 سے جیتنے والوں نے خود کو سنوارا ہم نے اپنی زمینیں فروخت کر کے حلقہ کے عوام کی خدمت کی خدمت کا یہ سفر ہر حال میں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس علاقے سے تھانہ کلچر کی سیاست کا خاتمہ کریں گے کسی لیڈر نے کسی غریب پر ایف آئی آر درج کرانے کی جرأت کی تو سخت مزاحمت کریں گے آدھی کوٹھی بیچ کر الیکشن لڑنے والے گیلانی آج سینکڑوں ایکڑ زمینوں کے مالک بن گئے ہم کرپشن کریں گے نہ کرنے کی اجازت دیں گے کارکنوں اور حلقہ کے عوام پر ساری توجہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گیلانی اور بوسن دونوں کرپٹ ہیں حلقہ کے عوام انہیں پسند نہیں کرتے۔ چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پورے پینل کے ساتھ الیکشن کمپین کا آغاز کر دیا ہے ہم سب لوگ پی ٹی آئی کے کارکن ہیں کارکنوں کو ہی ٹکٹ ملے ہیں حلقہ کے عوام ہمیں کامیاب کروا کر تبدیلی کے نعرے کو عملی شکل دیں۔ ملک سلیم لابر وسیم بادوزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ کے فضل سے پورا پینل کامیاب ہو گا۔ ملک احمد حسین ڈیہڑ کا استقبال ایک طرح سے ریفرنڈم تھا جس میں عوام نے پورے پینل کو کامیاب قرار دے دیا عوام 25 جولائی کو پولنگ سٹیشنوں پر آئیں اور اپنا ووٹ پورے پینل کو ڈالیں۔