قتل و غارت اسی طرح رہی تو معاملات ہمارے ہاتھ سے نکل جائیں گے:فاروق ستار

30 جون 2013

کراچی(نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اولڈ سٹی ایریا میں قتل کرنیوالے دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے، اولڈ سٹی ایریا میں کاروبار تباہ وبرباد ہوچکا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ امن و امان کا معاملہ قومی سلامتی کا ہوگیا ہے۔ منتخب نمائندوں کے قافلوں پر ہی حملے ہوں گے تو عوام کہاںجائیں گے۔ ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی غیر محفوظ ہیں، ساجد قریشی کے قتل کے بعد واضح ہوگیا کہ چند وی آئی پیز سکیورٹی ہے۔ پاکستان کے عوام یا عوامی نمائندوں کیلئے کوئی سکیورٹی نہیں۔ بانٹور گلی میٹھادر میں ہمارے قافلے پر فائرنگ کی گئی دورہ مختصر کرنا پڑا، دورے کا مقصد کاروباری اور تاجربرادری سے ملاقات تھا، آخر قانون نافذ کرنے والے ادارے کہاں ہیں؟ اولڈ سٹی ایریا میں ریاست کے اندر ریاست قائم ہوچکی ہے کون نوٹس لے گا؟ اولڈ سٹی ایریا علاقہ غیر بن چکا ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو معاملات ہمارے ہاتھ میں نہیں رہیںگے۔نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کھارادر میں گزشتہ روز ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ پر اظہار ہمدردی کیلئے فاروق ستار نے کھارادر کا دورہ کیا، فاروق ستار کی علاقے سے روانگی کے ساتھ ہی علاقے میں شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جو آدھے گھنٹے تک جاری رہا ،دکانداروں،راہگیروں اور دیگر افراد نے واقعہ کو حملہ تصور کرتے ہوئے دکانوں میں خود کو قید کرکے شٹر بند کردئیے۔