پیپلز پارٹی نے ملک تباہ کر دیا، نواز شریف حکومت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے: قادر مگسی

30 جون 2013

میرپور خاص (آئی این پی) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئر مین قادر مگسی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پانچ سالہ اقتدار میں ملک کو تباہ کردیا ‘نواز شریف حکومت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے‘ بلوچستان سرداروں کی وجہ سے نہیں، اسٹیبلشمنٹ کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے‘ رشوت لینے والے افسران اور اہلکاروں کو 10 سال کی قید سے سزائے موت تک کا قانون بنایا جائے‘ صوبوں کو بااختیار بناکرایجنسیوں کے کردار کو ختم کیا جائے۔ وہ ہفتہ کو یہاں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ڈویژنل تربیتی اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ قادر مگسی نے کہا کہ جی ایس ٹی میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، قومی تضاد کو دور کیا جائے، سرائیکی عوام کو انکی پہچان دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموں کے بجائے متبادل ذرائع استعمال کرکے توانائی بحران پر قابو پایا جائے۔