اسلام آبا د میں شروع ہونےوالے قومی گیمز کے دوران سکیورٹی کے ناقص انتظامات

30 جون 2013

اسلام آباد (این این آئی) اسلام آبا د میں شروع ہونے والے قومی گیمز کے دوران سکیورٹی کے ناقص انتظامات دیکھے گئے۔ پاکستان سپورٹس بورڈکے مرکزی دروازے سے داخل ہوتے وقت کھلاڑیوں، آفیشلز اور عام تماشائیوں کی چیکنگ اور تلاشی کاکوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ واک تھرو گیٹ اور ڈی ٹیکٹر آلات بھی نصب نہیں کئے گئے جبکہ شہر کے مختلف ہوٹلوں میں قیام پذیر کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت کےلئے بھی کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر قومی گیمز میں حصہ لینے والی فورسز کے کھلاڑیوں کی حفاظت کے لئے خصوصی دستے بھی ساتھ آئے ہیں۔ قومی کھیلوں کے حوالے سے شہر میں خیرمقدمی بینرز بھی بہت کم تعداد میں نظر آئے۔ بعض مقامات پر میسکوٹ اور لوگو کے ماڈل آویزاں کئے گئے ہیں۔