پی سی بی میڈیکل بورڈ نے کھلاڑیوں کی فٹنس رپورٹ سلیکشن کمیٹی کو بھجوا دی‘ شاہد آفریدی سپرفٹ قرار

30 جون 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) پی سی بی کے میڈیکل بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل کھلاڑیوں کے کرائے گئے فٹنس ٹیسٹ کی رپورٹ سلیکشن کمیٹی کو بھجوا دی، سب سے زیادہ فٹ کھلاڑی سابق کپتان33 سالہ شاہد آفریدی قرار پائے۔ ہفتہ کو پی سی بی کے میڈیکل بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل کھلاڑیوں کے کرائے گئے فٹنس ٹیسٹ کی رپورٹ سلیکشن کمیٹی کو بھجوا دی۔ پی سی بی کے میڈیکل بورڈ نے 10 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کرائے، سینئر کھلاڑی شاہد آفریدی سب سے زیادہ فٹ کھلاڑی قرار پائے۔ دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ دو روز تک ہوئے۔ پی سی بی کے میڈیکل بورڈ نے شاہد آفریدی، ناصر جمشید، محمد عرفان، صہیب مقصود رحمان، حارث سہیل، شرجیل خان اور دیگر کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کرائے۔ شاہد آفریدی گذشتہ 15 روز سے پاکستان کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس کر رہے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کا اجلاس یکم جولائی کو لاہور میں ہو گا جس میں کپتان کی مشاورت کے بعد ٹیم کا اعلان کیا جائیگا۔