پوری قوم نے پرویز مشرف کیخلاف کارروائی کے اعلان کی حمایت کی ہے: عارف سندھیلہ

30 جون 2013

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی )مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر عارف خان سندھیلہ ایم پی اے نے کہا ہے کہ پوری قوم نے پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ کے اعلان پر نواز شریف کی مکمل حمایت کی ہے پرویز مشرف نواز شریف کا نہیں بلکہ قومی مجرم ہے جس نے اقتدار کی خاطر دو مرتبہ آئین توڑا اور منتخب وزیراعظم میاں نواز شریف وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف اور ان کے خاندان پر ظلم کے پہاڑ توڑنے کے ساتھ ساتھ قوم کو دہشتگردی ،کرپشن ،لوٹ مار اقرباپروری ،مہنگائی ،بیروزگاری لوڈ شیڈنگ ،ڈرون حملے جیسے تحفہ دیے جبکہ بلوچستان میں امریکی ایجنڈا کو پورا کرنے کیلئے قتل و غارت کا بازار گرم کرکے محب وطن سیاسی رہنماﺅں کو قتل کیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ پاکستان کی بربادی میں جتنا ہاتھ پرویز مشرف کا ہے اتنا ہی ق لیگ اور پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کا ہے پاکستان اسلام کا ٹائی ٹینک ہے اسے کوئی ڈبو نہیں سکتا اب غداروںکو بے نقاب کرنے کا وقت آگیا ہے پوری قوم نواز شریف اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور کیطرف سے بار روم کو 6عدد واٹر کولر فراہم کر دیئے گئے
قصور (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہادرعلی خان کی طرف سے قصور بار روم کو چھ عدد کولڈ واٹرکولر دے دیئے گئے۔ صدر بار چودہری محمد سعید، نائب صدر خالدافتخار شاہ، جنرل سیکرٹری خالدلطیف چودہری، جوائنٹ سیکرٹری چودہری محمد یوسف، ایگزیکٹو ممبر میاں مقبول انصاری اور دیگر وکلاءنے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سے کولڈ واٹرکولر وصول کئے۔ صدر بار چودہری محمد سعید نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہادرعلی خان کا شکریہ ادا کیا۔