ٹرائنگولر سریز: ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

30 جون 2013

کنگسٹن (اے پی پی) ٹرائنگولر سیریز، ویسٹ انڈیز نے کرس گیل کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے 209 رنز کا ہدف 37.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کرس گیل نے 7 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سبائنا پارک، کنگسٹن، جمیکا میں کھیلے گئے ٹرائنگولر سیریز کے افتتاحی میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈوئن براوو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.3 اوورز میں 208 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، کپتان اینجلو میتھیوز نے 55 رنز بنائے اور آﺅٹ نہیں ہوئے، مہیلا جائے وردنے 52 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے سنیل نارائن نے چار، روی رامپال نے تین، ڈوئن براوو نے دو اور مارلن سیموئلز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں ویسٹ انڈیز نے ہدف کرس گیل کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت 37.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کرس گیل نے اپنے روایتی انداز میں بیٹنگ کی اور سری لنکن باﺅلرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے 7 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے۔ یہ ان کے کیریئر کی 21 ویں سنچری ہے۔ جونسن چارلس 29 اور ڈیرن براوو 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کرس گیل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت کی ٹیمیں آج سبائنا پارک، کنگسٹن، جمیکا میں آمنے سامنے ہوں گی۔