للیانی: جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، تعفن پھیلنے لگا، شہری سراپا احتجاج

30 جون 2013

مصطفی آباد/ للیانی (نامہ نگار) مصطفی آباد میں صفائی کی ناقص صورتحال، گندگی نے شہریوں کا سانس لینا محال کردیا، سیوریج نالہ بند ہوگیا۔ ٹی ایم اے صفائی کروانے میں ناکام۔ شہر کے بڑے چوراہوں چوک شاہنواز، چوک چکی مستری اسلام دین، چوک ڈاکٹر شہناز والا، منگتا چوک، چوک حاجی انور نلکیاں والا، بلال چوک، مدینہ چوک، مین موڑ سرکلر روڈ، انس کلینک مین روڈ، نواب صاحب مارکیٹ مین روڈ اور گلی میاں سرفراز والی مین روڈ پر گندگی کے بڑے بڑے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جنہیں عملہ صفائی ہفتوں اٹھانے کیلئے نہیں آتا۔ گندگی کی وجہ سے نالیاں بند ہوگئی ہیں اور گندا پانی گلیوں میں بہہ رہا ہے۔ تعفن نے شہریوں کا سانس لینا محال کردیا ہے۔ مین سیوریج نالہ صفائی نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ سے بند ہوگیا ہے اور معمولی سی بارش سے پانی گلیوں اور بازاروں میں بہنے لگتا ہے۔ شہریوں کی طرف سے متعدد بار بلدیہ حکام کو آگاہ کیا گیا لیکن ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ شہری و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے حکام سے سیوریج نالہ کی فوری صفائی کا مطالبہ کیا ہے۔