وفاق اور بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے کے حوالہ سے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق
اسلام آباد (ثناءنیوز) وفاق اور بلوچستان کے درمیان سونے ، چاندی ، تانبے کے وسیع ذخائر پر ریکوڈک کے منصوبے کے حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق ہو گیا۔ منصوبے سے متعلق انٹرنیشنل ٹیکنیکل لیگل کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ وفاق نے کہا کہ بلوچستان منصوبے میں پیشرفت کرے۔ وفاقی حکومت بھرپور مدد کرے گی ۔ ہفتہ کو اسلام آباد میں ریکوڈک منصوبے کے معاملے پر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ پاکستان اور اس کے عوام بالخصوص بلوچستان کے مفاد کے مطابق منصوبے میں ممکنہ پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے استفسار پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یہ منصوبہ انتہائی حساس معاملہ ہے۔ اس پر زیادہ بات نہیں کر سکتے۔ تاہم بلوچستان حکومت وہی فیصلہ کرے گی جس سے صوبے کے عوام کے مفادات کو تحفظ ملے۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ورکنگ گروپ اور ٹیکنیکل و لیگل مشاورت کے لئے بین الاقوامی شہرت کے حامل کنسلٹنٹ مقرر کیا جا رہا ہے۔