ایل ڈی اے پلازہ کی ساتویں منزل پر دوبارہ آتشزدگی ‘ کمرشل بلڈنگ کا ریکارڈ جل گیا
لاہور (نامہ نگار) ایل ڈی اے پلازہ کے ساتویں فلور پر پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کمرشل بلڈنگ کا ریکارڈ جل کر راکھ ہوگیا۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پلازہ کی نذر آتش ہونیوالی منزلوں کی مسماری کا کام جاری تھا کہ ساتویں فلور پر اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دھواں پھیل گیا جس سے وہاں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ڈی سی او لاہور نسیم صادق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 9 مئی کو ایل ڈی پلازہ میں آتشزدگی کے بعد تمام سرکاری ریکارڈ یہاں سے شفٹ کر دیاگیا تھا تاہم گذشتہ روز دوبارہ آگ لگنے سے کمرشل بلڈنگ کا ریکارڈ متاثر ہوا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ ریکارڈ ایل ڈی پلازہ ساتویں فلو پر کیسے پہنچا، اسکی 3 روز میں انکوائری مکمل کر کے میڈیا کے سامنے لائی جائیگی اور اس گھناﺅنی سازش میں جو شخص ملوث پایا گیا اس کیخلاف قانونی کاررروائی عمل میں لائی جائیگی۔ آگ بھڑکنے سے ایل ڈی پلازہ کے اطراف کی سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا گیا تھا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہوکر رہ گیا تھا۔