اساتذہ کی تنخواہیں دوسرے صوبوں کے مطابق بڑھائی جائیں:پنجاب ٹیچرز یونین

30 جون 2013

لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب ٹیچرز یونین کے عہدیدارن نے مطالبہ کیا ہے کہ اساتذہ کی تنخواہوں میں دوسرے صوبوں کے مطابق اضافہ کیا جائے اور اساتذہ کو انکم ٹیکس کی چھوٹ75% بحال کی جائے۔ ایجوکیشن کمپلیکس میں منعقدہ احتجاجی جلسہ سے خطاب میں ایپکا اور پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی قائدین سید سجاد اکبر کاظمی، نذر حسین کورائی،خالد محمود سکھیرا، ظفر سندھو، اسلم گھمن، ملک سعید، چوہدری محمد علی ودیگر نے کہا کہ چھوٹے صوبے ملازمین کی تنخواہوں میں 15% اضافہ کر چکے ہیںلیکن خود کو خادم اعلی کہنے والے وزیر اعلی ملازمین کو فاقہ کشی پر مجبور کر رہے ہیں۔ بجٹ کے بعد ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے۔ ملازمین کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، بڑھتی مہنگائی نے زندگیاں اجیرن کر رکھی ہیں۔ اساتذہ کو 75%انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرکے مزید مہنگائی کے بوجھ تلے دبا دیا گیا ہے۔لہذا حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں دوسرے صوبوں کے برابر اضافہ ، اساتذہ کو حاصل 75%انکم ٹیکس چھوٹ بحال کی جائے۔میڈیکل الاﺅنس اور ہاﺅس رینٹ میں اضافہ کیا جائے۔