پی پی حکومت نے ملکی معیشت کا چہرہ مسخ کر دیا: پروفیسر ساجد میر

30 جون 2013
پی پی حکومت نے ملکی معیشت کا چہرہ مسخ کر دیا: پروفیسر ساجد میر

لاہورخصوصی رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ملکی معیشت کا چہرہ مسخ کر دیا ، اسے بحال کرنے میں وقت لگے گا، منظور ہونے والا وفاقی بجٹ امیر دوست ہے اور نہ غریب دوست بلکہ پاکستان دوست ہے۔ عوام کوایک دو مزید سخت بجٹ برداشت کرنا پڑیں گے تب جاکرملکی معیشت کی سمت درست ہو گی۔ 16ہزار ارب ڈالر قرضوں میں جکڑی معیشت کے باعث حکومت کو بعض غیر مقبول فیصلے کرنا پڑے۔مرکزی دفترمیں کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہونی چاہیے کہ ماضی کی طرح آئینی اداروں میں کشیدگی اور تصادم کی فضا کا تاثرنہ پیدا ہو اور نہ ہی چیلنجوں سے عہدہ برا ہونے کیلئے عوام کو مایوس ہونے دے ۔ اضافی جی ایس ٹی کے 13 جون سے نفاذ کے فیصلہ پر عدالتی قانونی اور آئینی حلقوں کی جانب سے حکومت کو پریشانی اٹھانا پڑ سکتی ہے ۔اس اضافے کے نتیجہ میں روزمرہ استعمال کی کم و بیش تمام اشیااور پٹرولیم نرخوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگا۔