ڈکٹیٹروں کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے حق میں ہیں: منظور وٹو

30 جون 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) پیپلز پارٹی نے جنرل پرویز مشرف کے خلاف 3 نومبر کی بجائے 12 اکتوبر 1999 اور جنرل ضیاالحق کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ روز پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو، امتیاز صفدر وڑائچ، نوید چوہدری اور فرزانہ راجہ نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈکٹیٹروں کے خلاف آئین توڑنے پر آرٹیکل 6 لگانے کے حق میں ہیں اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ 3 نومبر کی بجائے 12 اکتوبر کو لیا جائے۔ اپنوں کو تحفظ اور دوسروں کے خلاف کاروائی انصاف نہیں پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ حکومت مشرف اور مرحوم جنرل ضیاءالحق کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل کرے۔ حکومت آئین شکنی کرنے والوں اور منتخب حکومتوں کا تختہ الٹا نے والوں کے کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل اور کارروائی کا اعلان کرے، تاکہ ان کی غیر جانبداری عوام کو نظر آئے۔