غداری کا مقدمہ وہاں سے چلایا جائے جہاں سے گند شروع ہوا: عاصمہ جہانگیر
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ بارکی سابق صدرعاصمہ جہانگیرنے کہاہے کہ ہمیشہ سے آمریت کے خلاف آواز اٹھائی، مشرف کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانا ہے تو پھردہرا معیار ختم کر کے وہاں سے چلانا ہو گا جہاں سے گند شروع ہوا، عدلیہ، میڈیا کو دیکھنے کے بجائے اپنے وقار کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرے۔ نجی ٹی وی کے پروگرا م میں گفتگوکرتے ہوئے عاصمہ جہانگیر نے کہاکہ اپنی زندگی میں کبھی کسی آمرسے نہیں ملی، اگر کسی نے جرم کیا ہے تو اس نے جس دن پہلا جرم کیا وہاں سے کارروائی شروع کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہو اور پھر فریج کھول کر کوئی چیز کھا لے تو ہمیں پہلے دروازہ توڑنے کے جرم کو دیکھنا ہے، انہوں نے کہاکہ ہمیں تاریخ کو درست کرنا ہے دہرے معیار کو نہیں لانا بلکہ ہر چیز میں توازن رکھنا ہے ہمیں گند صاف کرنا ہے تو گند جہاں سے شروع ہوا یہیں سے صاف کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عدلیہ کو چاہئے کہ وہ میڈیا کی خبروں پر نہیں بلکہ اپنے وقار کو مدنظر رکھ کر قانون اور حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرے۔