بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہے:عبدالمالک

30 جون 2013

کوئٹہ (نوائے وقت نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک سے فاٹا کی پارلیمانی کمیٹی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال تشویش ناک حد تک خراب ہے۔ بلوچستان میں قیام امن اولین ترجیح ہے اس کے بغیر ترقی کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔ جمہوری قوتوں کے تعاون سے حالات پر قابو پا لیں گے۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا امن وامان کی بحالی اور عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، قیام امن کے بغیر ترقی کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا، موجودہ صورتحال سے نمٹنے اور بلوچستان سے بحران کی کیفیت کو ختم کرنے کے لئے ان کی حکومت کو تمام جمہوریت پسند پارٹیوں، سول سوسائٹی اور میڈیا کی بھرپور معاونت درکار ہے، وہ فاٹا ریفارم کمیٹی کے زیراہتمام گول میز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عام انتخابات نہایت مشکل حالات میں ہوئے اور نامساعد حالات کے باوجود نیشنل پارٹی نے ایک جمہوری پارٹی ہونے کے ناطے ان میں بھرپور حصہ لیا اور عوام کی حمایت اور دیگر جمہوری قوتوں کے تعاون سے کامیابی حاصل کی۔