تنخواہیں نہ ملنے پر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ملازمین کا کھمبوں پر چڑھ کر احتجاج

30 جون 2013

مانسہرہ (این این آئی) مانسہرہ میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ہڑتالی ملازمین تنخواہوں کا مسئلہ حل نہ ہونے پر احتجاجاً کھمبوں پر چڑھ گئے، مایوس ملازمین نے رمضان تک واجبات نہ ملنے کی صورت میں جان دینے کی دھمکی دے دی ہے۔ پی ٹی ڈی سی کے ملازمین 16 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ ان کی ہڑتال کو 17 روز ہو گئے ہیں تاہم نہ تو ادارے نے ان کی دادرسی کی اور نہ حکومت نے کوئی ایکشن لیا۔ پی ٹی ڈی سی ناران کے ہڑتالی ملازمین شدید سردی میں قمیصیں اتار کر بجلی کے کھمبوں پہ چڑھ گئے، ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو مزید پریشانی میں نہیں دیکھ سکتے۔ اگر رمضان تک ان کے واجبات نہ ملے تو وہ جانیں دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ ملازمین نے الزام لگایا ہے کہ ادارے کے ایم ڈی نے انہیں سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔