ایف بی آر ریونیو کے نظرثانی شدہ ہدف سے بھی 105 ا رب پیچھے

30 جون 2013

اسلام آباد (عترت جعفری) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گزشتہ شب تک ریونیو کے نظرثانی شدہ ہدف کے مقابلہ میں 1902 بلین روپے جمع کئے تھے۔ چیئرمین ایف بی آر عنصر جاوید نے توقع ظاہر کی ہے کہ ریونیو کا نظرثانی شدہ ہدف 2007 بلین روپے حاصل کر لیا جائے گا۔ گزشتہ شب نوا ئے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی وقت ہے اور انہیں پورا یقین ہے کہ مالی سال کے باقی ماندہ وقت میں 105 بلین روپے حاصل کر لئے جائیں گے۔ چیئرمین ایف بی آر عنصر جاوید نے جن کی توسیع شدہ مدت آج 30 جون کو ختم ہو رہی ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ سرکاری ملازم ہیں، حکومت کہے گی تو کام جاری رکھیں گے ورنہ عزت سے گھر چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بہت کم وقت ملا تاہم اتنے عرصہ میں انہوں نے تبدیلیاں لانے کی کوشش کی۔ آج ہم 1902 بلین تک آئے ہیں، یہ شدید محنت کا ثمر ہے اور 2007 بلین تک ضرور جائیں گے۔