صدر کو استثنیٰ ہے، وزیراعظم کو خط نہیں لکھنا چاہئے تھا: گیلانی
ملتان (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کیلئے اپنے طور پر کوششیں کر رہے ہیں۔ علی حیدر گیلانی کے اغوا کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی اور نہ ہی کوئی مطالبہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ آمروں کے ہر اقدام اور اس کی توثیق کرنیوالوں کے بھی خلاف ہیں۔ ایمرجنسی کے نفاذ اور 12اکتوبر 1999ءکے واقعہ کے بھی خلاف ہیں۔ ایمرجنسی کے وقت محترمہ بے نظیر بھٹو 24گھنٹے کے اندر پاکستان پہنچیں۔ ایک سوال پر کہا کہ آئین کے مطابق صدر کو استثنیٰ حاصل ہے، میرے بعد آنیوالے وزیراعظم کو بھی خط نہیں لکھنا چاہئے تھا۔