نئی حکومت کے بلندوبانگ دعوے اور اصل حقائق

30 جون 2013

مکرمی!جب سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت اقتدار میں آئی ہے ملک میں دہشتگردی،لوٹ مار اور قتل و غارت کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور انتہاءکو چھوتی مہنگائی کی لہراوردن بدن بڑھتی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہونا میاں نوز شریف کیلئے سوالیہ نشان ہے جنہوں نے حلف اٹھانے سے پہلے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے بلند بانگ دعوے کیے تھے۔اسی طرح ملکی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو کہیں بھی امن کا قیام ہوتا نظر نہیں آتا۔بلوچستان میں پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی رہائش گاہ پردھماکے جس کے نتیجے میںزیارت ریزیڈنسی کاتباہ ہونا،کوئٹہ میں دھماکے اور فائرنگ میں14طالبات سمیت25ہلاکتیں، پشاورمیں خود کش دھماکہ جس کے نتیجے میںچودہ افراد کی ہلاکت،مردان میںخودکش دھماکے سے اٹھائیس افراد کا ہلاک ہونااور ساٹھ سے زائد کا زخمی ہونااور گلگت بلتستان مےں دس غیر ملکیوں سمیت گیارہ سیاحوں کی ہلاکت نے مسلم لیگ (ن)کی تیسری مرتبہ آنی والی حکومت کے لئے سوالیہ نشان پیدا کردئیے ہیں۔ان ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوںمیں ن لیگ کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے گزشتہ حکومت کے وزیر داخلہ رحمان ملک کی طرح میڈیامیں بیان بازی کی سوا کچھ نہیں کیا۔ جس ملک کا وزیراعظم صرف ٹائم دیکھنے والی ایک گھڑی کروڑوں روپوں کی پہنتا ہوا اس کو ملک وقوم کی بھلائی کا کتنا خیال ہوگا یہ ایک عام آدمی بخوبی سمجھ سکتا ہے۔(سمیع الرحمان ضیاء۔لاہور )