لاہور اور فیصل آباد میں خسرہ سے مزید 3 بچے جاں بحق

30 جون 2013

لاہور + فیصل آباد (نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی) لاہور اور فیصل آباد میں خسرہ نے مزید تین معصوم بچوں کا شکار کر لیا جبکہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں مزید 147 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے فیصل آباد میں 8 سالہ دانش اور 6 سالہ علیشا خسرہ کے باعث ہسپتال میں زیرعلاج تھے اور گزشتہ روز جان کی بازی ہار گئے۔ اسی طرح لاہور کے ہسپتال میں بھی خسرے کے مرض میں مبتلا ہو کر ہسپتال میں داخل ہونے والا بچہ موت کے منہ میں چلا گیا۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں مزید 147 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ غفاری ٹاﺅن کے رہائشی محمد شاہد کا بیٹا دانش سول ہسپتال میں خسرہ کے مرض سے لڑتے لڑتے جاں بحق ہوگیا۔ ستیانہ اڈا کے رہائشی محمد جمیل کی بیٹی علیشاہ کئی روز سے خسرہ کی شکار تھی جوگزشتہ روز گھر میں ہی مرض سے لڑتی لڑتی زندگی کی بازی ہار گئی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جمیل کا چار سالہ بیٹا محمد عثمان اور دو سالہ ازکی بی بی بھی خسرہ کاشکار ہو کر موت کی نیند سو چکے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پنجاب میں خسرہ سے مرنے والے بچوں کی تعداد 181 ہو گئی۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں پنجاب میں خسرے سے مبتلا 147 مزید بچے ہسپتال لائے گئے۔ لاہور میں خسرہ میں مبتلا 17 مزید بچے آئے۔