پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے سازشیں کی جارہی ہیں: حافظ سعید

30 جون 2013

لاہور(خصوصی رپورٹر)امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اس وقت شدید مشکلات اور آزمائشوں سے دوچار ہے امریکہ، بھارت اور اسرائیل تمام تر وسائل اور ٹیکنالوجی کے ساتھ اسلام اور مسلمانوں پر حملہ آور ہیں اور خاص طور پر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ مسلم امہ کو چاہیے کہ وہ کفار کی سازشوں اور ان کے ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملانے کیلئے متحد و بیدار ہو جائے،برما، کشمیر، فلسطین اور افغانستان کے مسئلے میدانوں میں قربانیاں پیش کرنے سے حل ہوں گے۔جماعة الدعوة مظلوم مسلمانوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مرکز القادسیہ چوبرجی میں کارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرجماعة الدعوة ے مرکزی رہنما مولانا نصر جاوید، مولانا ابوالہاشم،مولانا محمد ادریس فاروقی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔تربیتی نشست میں ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ امت مسلمہ اپنی عزتوں و حقوق کے تحفظ اور ملکوں و خطوں کے دفاع کیلئے متحد و بیدار ہو جائے۔ پاکستان کو غیر ملکی قوتوں کی غلامی سے نکالنے کا بھی یہی طریقہ ہے۔ آزاد پاکستان ہی دنیا میں اسلام کی نمائندگی اور برما، کشمیر اور دنیا کے دیگر خطوں کی آزادی و تحفظ کا ضامن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا نظام کسی ساتھ زیادتی یا ظلم نہیں کرتا۔ بیرونی قوتوں نے اسلام پسندوں کو خصوصی طور پر اپنا ٹارگٹ بنا رکھا ہے۔مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کرنے کیلئے بے پناہ سرمایہ خرچ کیا جارہا ہے۔ حافظ محمد سعیدنے کہاکہ امریکہ کو اس بات کی سخت فکر ہے کہ پاکستان میں لوگ دین کی طرف پلٹ رہے ہیں۔ اس لئے وہ یہاں نوجوان نسل کی ایسی تربیت چاہتے ہیں کہ وہ مستقبل میں ان کے نظاموں کو آگے چلا سکیں۔ نومنتخب حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سود کے مکمل خاتمے کے لئے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان فرقہ واریت ختم کریں یہ امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل کی حیثیت رکھتی ہے۔