بی این پی مینگل کا جمہوری اقدار پر عہد تجدید خوش آئند ہے: قمر زمان کائرہ

30 جون 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما قمر زمان کائرہ نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کا بلوچستان اسمبلی کا بائیکاٹ ختم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کی قیا دت کا جمہوری اقدار پر عہد تجدید بڑا خوش آئند ہے کیونکہ یہ حکمت عملی حقوق حاصل کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا یہ فیصلہ جمہوریت، بلوچستان اور پاکستان کے لئے بڑی اچھی خبر ہے۔ اس سے دوسرے ناراض بلوچوں کو ملک کی سیاست میں حصہ لینے کی زبر دست ترغیب ملے گی کیونکہ موجودہ 5 سالہ جمہوری دور ان کے لئے اپنے جائز حقوق کی بازیابی کے لئے بہترین سیاسی ماحول ہے۔ انہوں نے کہا بلوچستان کے مسئلہ کا پائیدار حل سیاسی ہے کیونکہ باقی تجربے بری طرح ناکام ہوئے ہیں اس لئے ان کے متعلق سوچنا بھی غلط ہو گا کیونکہ اب صوبہ دوسرے تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی صوبے کی نئی حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی تاکہ صوبے سے غربت، جہالت، بیماری اور سب سے اہم دہشت گردی کی لعنت سے نجات حاصل ہو۔