نئے قطری امیر کا اسرائیلی حکام سے خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف

30 جون 2013

دوحہ(این این آئی)قطر کے نئے امیر کی اسرائیلی حکام سے خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف ہوا ہے۔ صہیونی اخبار کے مطابق قطر میں اقتدار کی منتقلی سے پہلے قطر کے نئے امیر تمیم بن محمد آل ثانی نے اسرائیلی حکام سے متعدد مرتبہ ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کے مطابق قطر کے ایک سینئر مشیر نے نام ظاہر نہ کر نے کی شرط پر بتایا کہ اسرائیل کو بھی امریکہ کی طرح سے قطر میں اقتدار کی منتقلی کا علم تھا۔ اخبار کے مطابق صیہونی حکام نے قطر کے نئے امیر کے نظریات اور پالیسیوں سے آگاہی کےلئے ان سے ملاقاتیں کی ہیں جبکہ قطر کے سابق امیر نے امریکہ اور صیہونی حکومت کو یقین دلایا تھا کہ اقتدار کی منتقلی کے بعد قطر کی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئےگی۔ قابل ذکرہے کہ قطر ان عرب ملکوں میں سے ہے جو صیہونی حکومت کےساتھ تجارتی اور سیاسی تعلقات رکھتا ہے۔ مسلمانوں کی نفرت کے باوجود بعض عرب ملکوں منجملہ سعودی عرب نے بھی صیہونی حکومت سے سفارتی تعلقات قائم کررکھے ہیں۔