رائے ونڈ : واٹر سپلائی اور سیوریج پائپ لائن بچھانے کے لئے ملنے والی خطیر رقم بدعنوانی کی نذر
رائے ونڈ (نامہ نگار) سابقہ 5سالہ دور میں وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے رائیونڈ میں زیر زمین واٹر سپلائی پائپ لائن اور سیوریج لائن بچھانے کیلئے خطیر رقم کی گرانٹ دی تھی جو کہ بدعنوان افسران کی لوٹ مار کی بھینٹ چڑھ گئی اور تاحال مسائل جوں کے توں ہیں، نہ ہی عوام کو شفاف پانی میسر آرہا ہے، کئی ٹیوب ویل ابھی تک فعال نہیں ہوسکے، سیوریج کے ناقص انتظامات کی بناءپر علاقہ معمولی بارش میں دلدل بن جاتا ہے، مرکزی نالوں کی مکمل صفائی نہیں کروائی گئی۔ مرکزی جامع مسجد کے عقب میں نالے کی دیواروں کی از سر نو تعمیرکی بھی ضرورت ہے، نالے کی صفائی نہ ہونے سے بارش کے ایام میں محلوں کے ڈوبنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، سی او یونٹ کی کارکردگی کا اندزہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ڈسپوزل سے ہفتہ قبل سے غائب ہونے والی لاکھوں روپے کی سرکاری مشینری کا سراغ نہیں لگایا جاسکا، رائے ونڈ میں ترک کمپنی کا عملہ صفائی کروانے میں بری طرح ناکام جارہا ہے، خشک کوڑا بھی پوری طرح نہیں اٹھایا جارہا جبکہ گلیوں میں نالیوں کی کئی کئی دن صفائی نہیں کی جاتی۔ چیف آفیسر طاہر وڑائچ نے بتایا کہ مون سون کی آمد کے پیش نظراقبال ٹاﺅن چیف آفیسر یونٹ کے زیر اہتمام ہنگامی بنیادوں پرمرکزی نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا ہے، مرکزی نالے کی مرمت کی جائے رہی ہے۔