محتسب پنجاب کاپانی ٹیسٹ کرنے کی لیبارٹری بند ہونے کا نوٹس

30 جون 2013

لاہور (پ ر) محتسب پنجاب جاوید محمود نے پانی کے نمونے ٹیسٹ کرنے کی واحد لیبارٹری ایپی ڈیمالوجی لیب ایک ماہ سے بند ہونے کا نوٹس لے لیا ہے اورسیکریٹری ہیلتھ پنجاب کو فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیاہے ۔ محتسب پنجاب نے یہ نوٹس میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آنے والی خبر پر لیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت کے زیرانتظام انسٹیٹوٹ آف پبلک ہیلتھ میںپانی کے نمونے ٹیسٹ کرنے کیلئے قائم کی جانے والی واحد لیبارٹری ایپی ڈیمالوجی لیب کاتمام عملہ 28مئی کو ٹرانسفر کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے لیب عملی طور پر بند ہوچکی ہے ۔ ایپی ڈیمالوجی لیب میں پنجاب بھر سے پینے کے پانی کے علاوہ برف خانوں کے نمونے بھی ٹیسٹ کئے جاتے ہیں جن کی ٹیسٹنگ کا عمل بھی رک گیا ہے جبکہ لیب کی بندش سے آلودہ پانی سے گیسٹرو پھیلنے کا سراغ لگانا بھی مشکل ہو گیاہے۔ محتسب پنجاب جاوید محمودنے کہا ہے کہ صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اورلیب کی بندش انتہائی سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے جس کی تفصیلی انکوائری کی جائے گی۔