ملک کی تقدیر صرف نظام مصطفٰی نافذ کر کے بدلی جا سکتی ہے: اویس شاہ زنجانی
لاہور (پ ر) عالمی تحریک عظمت مصطفٰی کے چیئرمین سید اویس شاہ زنجانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تقدیر صرف نظام مصطفٰی کے نفاذ سے بدلی جا سکتی ہے۔ ہمارے پاس قرآن و سنت کی صورت میں دنیا کا بہترین نظام موجود ہے خلفائے راشدن نے اسلامی حکومت قائم کر کے دنیا کو ”ویلفیئر سٹیٹ“ کا مفہوم بھی سمجھا دیا ہے۔ سیرت نبوی پر عمل میں ہی تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ نبی کریم نے اپنے عمل سے معاشرت، معیشت، سیاست کے لئے سنہری اصول وضع کر دئیے ہیں جن کی حقانیت کو ساری دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا کے تمام دانشور یہ تسلیم کرنے پر مجبور ہیں کہ نبی کریم کی تعلیمات اور عمل ہر زمانے میں کارآمد اور انسانیت کیلئے مشعل راہ ثابت ہوئے ہیں۔ جدید ترین علوم اور تحقیق نے ان باتوں کو تسلیم کیا ہے جو حضور کریم نے 1400 برس پہلے بتائی تھیں۔ مسلمانوں کے پاس انمول خزانہ موجود ہے مگر افسوس ہم اس پر عمل کر کے دنیا اور آخرت کے ثمرات حاصل نہیں کر سکے۔