بجلی کی گھنٹوں لوڈشیڈنگ جاری شہریوں کا احتجاج‘ گرمی سے متعدد بے ہوش

30 جون 2013
بجلی کی گھنٹوں لوڈشیڈنگ جاری شہریوں کا احتجاج‘ گرمی سے متعدد بے ہوش

ملتان (نامہ نگار خصوصی‘ نمائندوں سے) ملتان شہر سمیت میپکو ریجن میں بجلی کا بحران بدستور جاری ہے۔ شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو بے حال کر دیا جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔ رات کے اوقات میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی نیندیں اڑا دی جبکہ وولٹیج زائد ہونے اور ٹرپنگ کے باعث شہریوں کے برقی آلات جلنا معمول بن گیا۔ اب تک صارفین کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے۔ ٹرپنگ وولٹیج کم زائد ہونے پر قابو پایا جائے۔ فنی خرابی کو دور کیا جائے۔ دوسری طرف ریلوے روڈ کے رہائشی افراد نے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا کوٹ ادو سے خبر نگار کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ اس وقت کوٹ ادو کے دیہی و سٹی فیڈروں پر 18 سے 20 گھنٹے کی طویل فورس لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے کاروبار مکمل ٹھپ ہو گیا۔ شہریوں و کاروباری طبقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا کہا ہے۔ قصبہ بصیرہ سے نامہ نگار کے مطابق 12 گھنٹے کی ملسل اور بیس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے۔ شدید گرمی کی وجہ سے گزشتہ روز تین افراد بے ہوش ہو گئے جبکہ واپڈا حکام مسلسل بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ فون پر بات تک سننا گوارہ نہیں کرتے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب لائن سپرنٹنڈنٹ کامران کو فون کیا جائے تو وہ بدتمیزی سے پیش آتا ہے۔ شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ حکام اور ایکسیئن اپڈا مظفرگڑھ سے اس کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹھٹھہ صادق آباد سے خبر نگار کے مطابق واپڈاسیکنڈ جہانیاں کی طرف سے ٹھٹھہ صادق آباد نواحی علاقوں میں علی شیر واہن خان پور فیڈر سے ملحقہ علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے،شہروں میں 15گھنٹے ،جبکہ دیہاتی علاقوں میں 20گھنٹے بجلی بندش معمول بن چکی ہے،لوڈشیڈنگ کے علاوہ فیڈر زکی ٹرپنگ،وولٹیج میں کمی بیشی نے عوام کا جینا محال کردیاہے،جبکہ بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام شدید گرمی میں مشکلات کا شکار ہیں،عوامی حلقوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ جبکہ شفقت کالونی جہانیاں میں 3 روز سے ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث بجلی نہیں پانی کی بھی قت ہے جس پر شہروں نے احتجاج کیا ۔