پشاور کے علاقے حیات آباد میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 1 پولیس اہلکار نے جامِ شہادت نوش کر لیا ہے جبکہ 1 راہگیر زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق دھماکا حیات آباد میں پولیس موبائل کے قریب ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔اس حوالے سے پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت پولیس موبائل کارخانو چیک پوسٹ کے قریب کھڑی تھی جسے دھماکے سے نقصان پہنچا۔ زخمی راہگیر کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار امین شہید ہوگیا جس کی میت حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے ہسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے راہگیر کو طبی امداد مہیا کردی گئی۔ راہگیر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں سبزی منڈی کے دروازے پر زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3افراد زخمی ہوگئے تھے۔آج سے 4 روز قبل کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں زوردار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں مختلف عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔دھماکا سبزی منڈی کے دروازے پر ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔قبل ازیں لاہور کے علاقے رام گڑھ میں سلنڈر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دربار میں موجود 3 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔
رواں ماہ 5 جولائی کے روز سید محمود شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے دربار میں زائرین کیلئے لنگر کی تیاری جاری تھی کہ اس دوران سلنڈر دھماکہ ہوا۔زور دار دھماکے کے نتیجے میں 2 سلنڈرز میں آگ بھڑک اٹھی جس کی لپیٹ میں آ کر 3 افراد جھلس گئے۔ دھماکے کی آواز سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38