پاکستان کو مسلسل دوسری بار ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کی میزبانی مل گئی
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان مسلسل دوسری بار ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کی میزبانی کرے گا۔ چیمپیئن شپ 2006 سے سالانہ بنیاد پر کھیلی جارہی ہے لیکن کورونا کے باعث 2019 کے بعد اس کا انعقاد نہ ہوسکا۔ پاکستان نے2020 میں پہلی بار ایونٹ کی آن لائن میزبانی کی پیشکش کی جسے منظور کرلیا گیا یوں پاکستان نے گزشتہ سال پہلی ورچوئل چیمپیئن شپ کی میزبانی کی۔ چیمپیئن شپ کی کامیابی کے بعد ویسپا نے ورچوئل چیمپیئن شپ کو اپنے سالانہ کیلینڈر کا حصہ بنالیا۔ اب پاکستان مسلسل دوسرے سال ویسپاورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کی میزبانی کرنے جارہا ہے جو 7 سے 22اگست تک کھیلا جائے گا۔ 7سے 15اگست تک کھیلے جانے والے پہلے مرحلے میں ہر کھلاڑی 36گیمز کھیلے گا ۔ ٹاپ ٹین کھلاڑی 22 اگست کو کھیلے جانے والے فائنل میں ان ایکشن ہوں گے۔ پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز کے مطابق چیمپیئن شپ میں پاکستان کی چھ رکنی ٹیم حصہ لے گی جس کا انتخاب کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔ ویسپا نے ولی محمد خبیب کو ٹیکنیکل ڈائریکٹر اور حسان ہادی خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔
ویسپاورلڈیوتھ