تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی کوششیں کریں گے، ظفر بختاوری
کراچی(کامرس رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تاجروں کے علاوہ راولپنڈی ،اسلام آباد کے تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی کوشش کی جائینگی اور راولپنڈی میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے پارکنگ پلازہ، لئی ایکسپریس وے اور رنگ روڈکے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے کوششوں کو تیز کیا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اسلام آباد یو بی جی کے سنٹرل سیکریٹریٹ میں راولپنڈی چیمبرز اف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز کے صدر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر ندیم شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یو بی جی سینٹرل سیکرٹریٹ میں ان سے ایک وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ فیڈریشن کے صدر کی مدت ایک سال سے بڑھا کر دو سال کرنے کی کوششیں مناسب نہیں ہے،یو بی جی کے تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشن سے ملکر متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت نے اس سلسلے میں کسی چمبر سے مشاورت نہیں کی اور ایک لیٹر کے ذریعے چند گھنٹوں کا وقت فراہم کیا اور جس عجلت اور تیز رفتاری سے اس عمل کو بڑھایا جارہا ہے اس سے بزنس کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ حکومتی ادارے بھی یکطرفہ کارروائی کا حصہ بن رہے ہیں۔
ظفربختاوری