نیسلے پاکستان کا آمدنی میں تقریباً 13فیصد اضافہ کا اعلان
لاہور(کامرس ڈیسک) نیسلے پاکستان نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 65.8 بلین روپے آمدنی کا اعلان کیا ہے جس میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12.7فیصداضافہ ہوا ہے ۔ آمدنی میں اضافہ کی وجوہات میں برانڈز میں سرمایہ کاری، نئی مصنوعات کا اجرا ء اور قیمتوں کے تعین کاطریقہ کار شامل ہے ۔ گزشتہ سال کے لاک ڈائون کی وجہ سے ہونے والے کاروباری اتار چڑھائو کی وجہ سے اس سال کی نمو میں بہتری نمایاںہوئی ۔حجم میں اضافہ ، اوورہیڈز کنٹرول اور ویلیو چین لاگت میں بہتری کے نتیجہ میں گزشتہ سال کی نسبت رواں سال کمپنی کے آپریٹنگ منافع میں 24.3فیصد اضافہ ہوا۔مالی لاگتوں میں کمی خالص منافع میں بہتر ی کا موجب بنی۔ کورونا وبا کی جاری صورتحال اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سے پیداواری لاگت میں اضافہ کے باوجود کمپنی آئندہ مدت میں پرعزم افرادی قوت کے ساتھ مضبوط برانڈ ایکویٹی اور آپریشنل کارکردگی کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات کی بدولت مالی کارکردگی کے بارے میں پرامید ہے۔