ارکان پنجاب اسمبلی استحقاق بل آئین سے متصادم ، گورنر نے مسترد کردیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ارکان پنجاب اسمبلی استحقاق بل 2021ء کو آئین سے متصادم قرار دے کر مسترد کر دیا اور پنجاب اسمبلی کے منظور کردہ بل کو اعتراضات کے ساتھ سپیکر کو بھجوا دیا۔ ذرائع کے مطابق بل کے تحت سپیکر اور استحقاق کمیٹی کو دئیے اختیارات آئین کے آرٹیکل 66-3 اور 10- A کے متصادم ہیں۔ استحقاق بل میں تجویز کی گئی سزائیں بھی آئین سے متصادم ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 8, 10.10A اور آرٹیکل 25 کے تحت بل کا ازسرنو جائزہ لینا ضروری ہے۔ پنجاب اسمبلی کے منظور کردہ بل پر وزیراعظم اور وزیراعلی ہائوس نے اعتراض کیا تھا۔ جبکہ بیوروکریسی کے حلقہ کی جانب سے بھی اس پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر گورنر نے استحقاق بل کی منظوری نہیں دی۔ گورنر کے اعتراضات سپیکر پنجاب اسمبلی کو موصول ہو گئے۔ سپیکر نے گورنر کے اعتراضات کے بعد اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کر دی۔