بلوچستان پیکج سے خطے کی 70 سالہ محرومیوں کا خاتمہ ہوگا: گورنر ظہور آغا، فواد چوہدری
کوئٹہ (اے پی پی) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا سے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے جمعرات کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملاقات کی. ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے ظہور احمد آغا کو گورنر بلوچستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی. ملاقات میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کی محرومیوں کو دور کرنے کی کوششیں قابل ستائش ہیں انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کے مابین بہتر روابط کیلئے اپنا کردار جاری رکھوں گا۔ گورنر بلوچستان نے کہا خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے بلوچستان معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن سکتا ہے. ملاقات میں وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی موجودہ حکومت کی آولین ترجیح ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں کسی نے بلوچستان کی ترقی پر توجہ نہیں دی، پی ٹی آئی کی حکومت نے بلوچستان کو سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دیا. انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ بلوچستان پیکیج سے خطے کی ستر سالہ محرومیوں کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا، بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے حقیقی گیم چینجر ثابت ہوں گے. بلوچستان میں ترقی کے لئے امن ضروری ہے، امید ہے گورنر بلوچستان امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔