کراچی، کرونا ویکسین فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار 3 ملزم ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کی مقامی عدالت نے پیسوں کے عوض لوگوں کو غیرقانونی طور پر ویکسین لگان کے الزام میں گرفتار تین افراد کو ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ملزمان امان اللہ سلطان، ان کے ملازم محمد علی اور سرکاری اداروں میں ویکسین لگانے والے محمد ذیشان کو پریڈی پولیس اسٹیشن کی حدود میں سرکاری کوٹے سے ویکسین کی چوری اور غیر قانونی طور پر گھروں میں پیسوں کے عوض ویکسین لگانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جمعرات کے روز تفتیشی افسر نے ملزمان سے تفتیش کے سلسلے میں ان کا جسمانی ریمانڈ لینے کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے سامنے پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان چوری شدہ ویکسین (فائزر) لوگوں کو فی خوراک 15ہزار روپے میں لگاتے تھے اور صدر کے علاقے میں تقریبا 60 افراد کو ویکسین لگائی۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان سے تفتیش کے لیے 14 دن کا ریمانڈ درکار ہے تاکہ ان کے مبینہ مفرور ساتھیوں اور تفتیش مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر قانونی رسمی کارروائیوں کو انجام دیا جا سکے۔ تاہم جج نے ان کو ایک دن کے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کہ وہ وہ کل تفتیشی رپورٹ کے ساتھ اگلی سماعت پر پیش ہوں۔