موجودہ حکمرانوں سے بھلائی کی امید رکھنا فضول، فضل الرحمن
سکھر (بیورورپورٹ) جے یو آئی قائد پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن نے علامہ راشد محمود سومرو ، مفتی سعود افضل ہالیجوی اور ترجمان مولانا عبدالحق مہر کے ساتھ ٹیلفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 اگست کو کراچی کا جلسہ حکمرانوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ ہم دنیا کو بتائینگے۔ ان حکمرانوں کی عوام میں کوئی وقعت نہیں ہے۔مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے حکمراں خزانے پر سانپ بن کر بیٹھے ہیں پیسہ پڑا ہے مگر عوام کو ریلیف دینے کے بجائے آئے روز مہنگائی کے بم گراکر عوام کی زندگی اجیرن بناتے جا رہے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں سے بھلائی کی امید رکھنا عبث ہے۔ مینڈیٹ چور منصفانہ الیکشن نہیں کراسکتے لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں سمجھتے موجودہ حالات میرے بیانیے کی تائید کر رہے ہیں۔ حکمراں ملک کی ٹرین کو خطرناک ٹریک پر ڈالدیا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ہم نے سانحہ بنگال سے سبق نہیں سیکھا، محب وطن اور جمہوریت پسند قوتوں کو ایک بار پھر سر جوڑ کر بیٹھنے کی دعوت دیتا ہوں۔ ملک بچانے کے لئے پی ڈی ایم کا ساتھ دینا ہوگا۔