28 جولائی حقیقی تبدیلی کا دن، کارکنوں کو مبارکباد: فردوس عاشق
سیالکوٹ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 28جولائی ضلع سیالکوٹ میں حقیقی تبدیلی کا دن ثابت ہوا۔ عوام نے پی پی 38 ن لیگ کے بیانیہ کو مستردکرتے ہوئے قیادت کا حق عمران خان کو سونپ دیا۔ انتخابی معرکہ میں عظیم کامیابی پر پی ٹی آئی کے کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے رابطہ آفس کوبے چک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انتخابی ٹکرائو کے دوران عوام کے حقوق سے جڑا عمران خان کے بیانیہ کو عوام نے پزیرائی بخشی،کل کا دن اہم دن تھا۔ (ن) لیگ نے صوبے کے دیگر شہروں اپنے قیادت کو انتخابی معرکہ میں جھونک دیا اور ان کو حلقہ میں مختلف پولنگ سٹیشنز تفویض کئے گئے اسلحہ بردار (ن) لیگی غنڈوں نے عوام کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی۔ عابد رضا کے بھی مسلح تھے۔ ضلعی پولیس نے اسلحہ کی نمائش اور ساتھ لیکر نکلنے پر پابندی کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 5مقدمات درج کئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ہر قسم کی غنڈہ گردی کی نفی کرتی ہے۔ صوبائی و وفاتی حکومت کی جانب سے الیکشن کے پراسیس میں دخل اندازی نہیں کی گئی۔ دونوں جماعتوں نے جم کر الیکشن لڑا،جعلی راجکماری نے مسلم لیگ ن کی سیاست کو بند گلی میں پہنچا دیا۔ اے جے کے کا الیکشن ہارنے کے بعد ن لیگی انڈیا سے مدد مانگ رہے ہیں۔ نون لیگ کی جانب سے ووٹوں کی خریداری کیلئے یونین کونسلز میں پیسہ تقسیم کیا گیا۔ عوام نے ووٹ کے تقدس کو یقینی بنایا اور اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہا اور ثابت قدم رہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کارکنان کی انتھک محنت، وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم عمران خان کی حوصلہ افزائی سے ٹیم ورک سے اللہ نے فتح عطا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے فون کر کے مبارکباد دی۔ جعلی راجکماری کا روایتی راگ قوم کو سنایا گیا اورجعلی راجکماری نے سلیکشن ہونے کا دھونگ رچایا۔ جعلی راجکماری یہ بتائے انکے امیدوار نے انتے ووٹ کیسے حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ عطا تارڈ اپنا نام بدلنے کی تیاری کرے، تکبر کا سر ہمشہ نیچا ہوتا ہے۔ کنیز دوم نے بیہودہ گفتگو کی۔ انکی کارستانیاں ہیں نفرت کی بیج بونے آئی تھی۔ نذیر چوہان اور شہزاد اکبر کو انتہائی بیانات دینے سے گریز کرنا چاہئے۔ احسن سلیم کے جیتنے سے ترقی و خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔ پی ٹی آئی حکومت نوجوانوں کو آگے لا رہی ہے۔ نوجوان عمران خان کا قیمتی اثاثہ بن کر ملکی ترقی کے لئے کام کر رہے ہیں۔ 28جولائی کو تھانہ و کچہری کی سیاست کو پاش پاش کیا گیا اوراس حلقے کے عوام جیتے۔ جعلی راجکماری دھاندلی کا جعلی رونا نہ روئے،کشمیر، گلگت بلتسان اور سیالکوٹ سے انکا صفایا ہوچکا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب ہر ضلع میں عوامی پراجیکٹس کا جائزہ لینے جا رہے ہیں۔ تبدیلی کے سفر جاری و ساری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا کی شکر گزار ہیں۔ ووٹ کی چوری و سینہ زوری اب نہیں ہوگی، پاکستان مخالفین کو جواب دینا ہوگاْ۔ پاکستان کے عوام ایسے عناصر کا صفایا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے شاہین، عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ روشن پاکستان کی طرف رواں دواں ہے اب کسی ملک دشمن کا نہیں صرف ریاست کا بیانیہ گونجے گا۔