حاملہ لڑکی کے قتل میں ملوث ملزم4 روزہ ریمانڈ پرپولیس کے حوالے
بھٹ شاہ ( نامہ نگار)تین روز قبل نیو سعیدباد کے نواحی گاؤں بہشت باغ میں فون پر غیر محرم سے بات کرنے پر گلا گھونٹ کر قتل ہونیوالی نوجوان حاملہ لڑکی یاسمین کے قتل میں ملوث باپ ٹوھ حاجانو کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جسے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا جبکہ اس موقع پر عدالت کی جانب سے پیش ہونے کے نوٹس کے بعد عدالت میں پیش ہونے والی مقتولہ یاسمین کی والدہ بھاگل نے عدالت کو بتایا کہ اس کی بیٹی کو بے گناہ قتل کیا گیا ہے اور اس قتل کے بعد اس کی منہ میں زرعی زہریلی دوا ڈالی گئی کہ جس کی وجہ سے ایسا لگے کہ لڑکی نے خود کشی کی ہے اور قاتل بچ جائیں ۔انہوں نے اس موقع پر معزز عدالت کو مقتولہ کو ناجائز قتل کیے جانے پر قتل میں ملوث ملزمان کو قانونی سزا دینے اور انصاف کے لیے دہائیاں دیں جس پر مقتولہ کی والدہ کے بیان اور پولیس کی جانب سے لاش کو قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم کرنیکی درخواست دی جانے پر عدالت نے ڈی جی ہیلتھ اور سیکریٹری ہیلتھ کو لیٹر جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ فوری طور میڈیکل ٹیم تشکیل دے کر قبرکشائی کرکے لاش کا پوسٹ مارٹم کرکے 10 روز میں رپورٹ پرعدالت میں جمع کروائی جائے دوسری جانب مقتولہ کے چچا نواب حاجانو کی عدم گرفتاری پر پولیس کا کہنا تھاکہ ملزم فرار ہے ۔