سعودی عرب:بغیر اجازت کے عازمین کو ٹرانسپورٹ کی فراہمی پر 6 ماہ قید اور 50ہزار ریال جرمانہ ہو گا
ریاض :سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ بغیر اجازت نامے کے سفر حج کرنے والے عازمین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر 6ماہ تک قید اور 50 ہزار ریال تک کا جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے اپنے ایک بیان میںکہا ہے کہ ایک سے زیادہ عازم حج کو ٹرانسپورٹ کی سہولت دینے پرجرمانہ بڑھتا چلا جائے گا۔اگر غیرقانونی طریقے سے عازم حج کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والا غیر ملکی ہوگا تو اسے قید کی مدت پوری کرنے پر مملکت سے بیدخل بھی کردیا جائے گا۔ ہر حال میں مقامی اخبار ات میں تشہیر بھی ہوگی اس کا خرچ بھی خلاف ورزی کرنے والے سے وصول کیا جائیگا۔ پہلی بار خلاف ورزی پر 15دن قید، 10ہزار ریال جرمانہ،، دوسری بار پکڑے جانے پر 2ماہ قید اور 25ہزار ریال جرمانہ اور تیسری بار گرفتاری پر 6 ماہ قید اور 50ہزار ریال کاجرمانہ ہوگا۔