رحیم یار خان: 40ہزار لٹر پٹرول سے بھرا ایک اور ٹینکر الٹ گیا،2 افراد زخمی
رحیم یار خان(صباح نیوز)رحیم یار خان کی تحصیل ظاہر پیر کے مقام پر چالیس ہزار لیٹر پٹرول سے بھرا ٹینکرالٹ گیا ، حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ہفتہ کو کراچی سے پنجاب جانے والا آئل ٹینکر رحیم یار خان میں قومی شاہراہ کے ظاہرپیر مقام پر الٹ گیا، حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے ،جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔موٹر وے پولیس کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا، حادثے کے فوری بعد قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے جبکہ پولیس اور رینجرز نے بھی جائے حادثے پر پہنچ کر علاقے کو سیل کردیا ہے۔ موٹر وے پولیس کے مطابق ٹینکر میں 40ہزار لیٹر پٹرول موجود تھے۔