.سیٹلائٹ تجربہ:امریکہ نے 6 ایرانی کمپنیوں پر بھی پابندیاں لگادیں
واشنگٹن (اے پی پی+آن لائن+ صباح نیوز) ایران کی جانب سے ایک راکٹ کے ذریعے ایک سیٹلائٹ فضا میں پہنچانے کے اقدام پر امریکہ نے 6 ایرانی کمپنیوں کے خلاف پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نِکی ہیلی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جب تک ایرانی حکومت اشتعال انگیز اقدامات سے باز نہیں آتی، اس کے خلاف پابندیوں کا نفاذ جاری رہے گا۔ایران نے امریکی تحفظات کومسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائنس وٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کیلئے کوئی حد مقرر نہیں ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے بیان پراپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سیارہ بردارسیمرغ شٹل کے حالیہ تجربے پر امریکی تحفظات اور من گھڑت بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی اور کامیابی کے لئے کوئی حد مقرر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی ترجمان کے بیانات ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت پر مبنی ہیں اور اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ خودمختار ممالک کی سائنسی اور ٹیکنالوجی ترقی کے خلاف ہے۔بہرام قاسمی نے کہا کہ سیارہ بردار سیمرغ شٹل کا کامیاب تجربہ ایرانی سائنسدان اور ماہرین کی لازوال جد و جہد کی علامت ہے اور ہم اپنے سائنسدانوں کی سائنسی اور ٹیکنالوجی کی سرگرمیوں اور ترقی کے لئے کسی ملک سے اجازت نہیں لیں گے۔انہوں نے ایران مخالف امریکی انتظامیہ کے جارحانہ موقف اور اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران، جوہری معاہدے پر قائم ہے جس کی تصدیق عالمی جوہری ادارے نے بھی بارہا کی ہے جبکہ امریکی مسلسل جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کرتا آرہا ہے۔انہوں نے امریکی حکام سے مطالبہ کیا کہ من گھڑت بیانات اور بہانہ تراشی کے بجائے اپنا رویہ درست کریں اور جوہری معاہدے پر اپنے فرائض پر من و عن عمل کریں۔