کشمیریوں سے بے وفائی موجودہ حکومت کا جرم ہے: شہدا ئے کشمیرکانفرنس
لاہور (سپیشل رپورٹر) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے جس کسی نے بے وفائی کی اس کا انجام اچھا نہیں ہوا۔کشمیری و پاکستانی قوم ایک اور وحدت کی علامت ہیں۔کشمیر کی تحریک منزل کی جانب بڑھ رہی ہے،جہاں شہدا کا خون گر جائے اس تحریک کو کوئی کامیابی سے نہیں روک سکتا۔ مودی کے امریکہ و اسرائیل کے دوروں سے تحریک کشمیر سبوتاژ نہیں ہوگی۔ پروفیسر حافظ محمد سعید کو فوری رہا کیا جائے، اپنوں پر پابندیاں لگانے اور نظربندیوں کی بجائے ان کو حوصلے دیئے جائیں۔ بھارتی فوج خوف و بوکھلاہٹ کا شکار ہے جو نہتے سنگبازوں کو گولی مارنے کا حکم دے رہی ہے۔ سعودی عرب کی قیادت میںاسلامی ممالک کے اتحاد کو منظم و مضبوط کیا جائے، فرقہ بندی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کا اتحاد سب کے سامنے ہے۔ ہم نے اتحاد کو قائم رکھنا اور کشمیر کے بنیادی نقطے پر قوم کو منظم کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل و جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد، پیر سید ہارون علی گیلانی، مولانا فضل الرحمان خلیل،متحدہ جہاد کونسل کے رہنما جنرل عبداللہ، ابوہجرت، مولانا عبدالستار، مولانا عبداللہ نثار، ابو عمار، محمد اصغر، عرفان صادق نے سنی مارکیٹ تلہ گنگ میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام شہدا کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دفاع پاکستان کونسل وجماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد نے کہا کہ نریندر مودی سے دوستانہ رویے پروان چڑھا کر کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکا جاتا رہا۔ دختران ملت کی چیئرمین سیدہ آسیہ اندرابی گرفتار ہیں۔کشمیریوں سے بے وفائی موجودہ حکومت کا جرم ہے۔بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر دی مگر ہمارے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہا کہ یہ قوم جس نے کلمہ طیبہ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اس دھرتی کو حاصل کیا۔ ان کے ہاتھوں میں صلاح الدین ایوبی، محمد بن قاسم کا پرچم ہے۔ مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ ستر سالوں سے کشمیری قربانیاں دے رہے ہیں انکی تین نسلیں قربان ہو چکی ہیں۔ عبداللہ نے کہا کہ کشمیر ی دو قومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ ہیں۔پروفیسر حافظ محمد سعید نظربند ہیں انکو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ملت اسلامیہ جموں کشمیر کے باسی بھی نظربند ہیں۔ ابوہجرت، مولانا عبدالستار، مولانا عبداللہ نثار، ابو عمار، محمد اصغر، عرفان صادق نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو ستر برس گزرنے کے باوجود حق خود ارادیت نہیں دیا۔