کنٹرول لائن پر فائرنگ سے پاکستان بھارت تجارت 5 فیصد کم ہوگئی
لاہور (کامرس رپورٹر) کنٹرول لائن پر فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات اور تعلقات میں کشیدگی کے باعث پاکستان بھارت تجارت بھی کم ہو گئی ہے۔گزشتہ مالی سال کے دوران باہمی تجارت میں 5 فیصد سے زیادہ کی کمی دیکھی گئی۔پاکستان اور بھارت کی باہمی تجارت کا مجموعی حجم گزشتہ مالی سال 2 ارب 9 کروڑ 61 لاکھ ڈالر رہا، جو پہلے سے 11 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کم ہے۔ اس سے پچھلے مالی سال کے دوران باہمی تجارت 20 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب 20 کروڑ 89 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی۔ دونوں ملکوں کی دو طرفہ تجارت میں کمی بنیادی طور پر بھارت سے آنے والی اشیا میں کمی کے باعث ہوئی جبکہ پاکستان سے بھارت کو برآمدات میں تو معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بھارت سے 1 ارب 68 کروڑ 81 لاکھ ڈالر مالیت کی اشیا درآمد کی گئیں جو پہلے سے 7 فیصد کم ہیں۔ اس دوران بھارت کو برآمدات کا حجم 40 کروڑ80 لاکھ ڈالر رہا جو پہلے سے 2 فیصد زیادہ ہے۔ بھارت سے درآمدات میں کمی کے باوجود باہمی تجارت میں پاکستان کو 1 ارب 28 کروڑ ڈالر کا تجارتی خسارے کا سامنا کرنا پڑاہے۔