شہباز شریف کی آمد‘ اسلام آباد کی بیورو کریسی میں ہلچل مچ گئی
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) شہباز شریف کو آئندہ وزیراعظم بنائے جانے کے فیصلے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بیوروکریسی میں ہلچل مچ گئی ہے۔ میاں شہباز بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کریں گے۔ کئی وزراءکے قلمدان بھی تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف اپنی ٹیم میں صرف ان ہی بیورو کریس کو برداشت کریں گے جو ان کی ”تیز رفتاری“ کا ساتھ دیں گے۔ میاں شہباز کو بقیہ مدت کے لئے وزیراعظم کے منصب کے لئے نامزد کئے جانے کے باوجود صوبائی دارالحکومت میں بیورو کریسی کے اندر پایا جانے والا خوف دور نہیں ہوا۔ فوری طور پر وزیراعظم آفس میں تعینات افسروں سے کام لیا جائے گا۔ بیشتر بیورو کریٹس ماضی میں میاں شہباز شریف کی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ فواد حسین فواد بدستور پرنسپل سیکرٹری اور بیرسٹر نبیل اعوان پی ایس او کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف‘ وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہونے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں زیرتکمیل منصوبوں کی براہ راست نگرانی کریں گے۔