چودھری نثار کے وزیر داخلہ کا عہدہ نہ سنبھالنے کا امکان ، پروٹوکول واپس کردیا

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ عمران مختار/ نیشن رپورٹ) عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اپنی کابینہ کیلئے نئے وزیر داخلہ کو تلاش کرنا پڑے گا کیونکہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ چودھری نثار وزیرداخلہ کا حلف نہیں اٹھائیں گے۔ وزارت داخلہ کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد چودھری نثار وزارت داخلہ میں افسروں سے الوداعی ملاقات کرگئے تھے اور افسروں کو انکی تعیناتی کی اصل جگہ پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کرگئے تھے۔ اس طرح چودھری نثار نے یہ تاثر دیا ہے کہ وہ نئی کابینہ میں حلف نہیں اٹھائیں گے۔ چودھری نثار کے سٹاف میں ایک ڈی آئی جی، دو ایس پی، ایک اے ایس پی اور انفارمیشن گروپ کا ایک افسر شامل تھے۔ دریں اثنا اسلام آباد سے خبرنگار خصوصی کے مطابق چودھری نثار نے سرکاری گاڑی‘ سکیورٹی پروٹوکول سٹاف کو واپس کر دیا ہے اور تمام سٹاف کو کیبنٹ ڈویژن یا اپنے اپنے محکموں میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر سبکدوشی کے بعد پندرہ دن تک یہ سٹاف پروٹوکول اور سرکاری گاڑی رکھ سکتے تھے مگر یہ بھی ریکارڈ پر ہے کہ کئی سابق وزیروں نے یہ مراعات کئی سالوں تک استعمال کیں۔ چودھری نثار علی خان ہمیشہ وزارت سے سبکدوشی کے بعد پہلے دن ہی یہ مراعات واپس کر دیتے ہیں۔ اس دفعہ بھی انہوں نے یہ روایت برقرار رکھی اور سب سے پہلے تمام مراعات واپس کر دی ہیں۔