پاکستانی تعاون کے بغیر افغانستان میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے :یورپی یونین
واشنگٹن (آن لائن) یورپی یونین کے خصوصی نمائندے اور افغانستان کیلئے یورپی یونین کے وفد کے سربراہ فرانزمائیکل ملبن نے ’وائس آف امریکہ‘ کی افغان سروس سے ایک خصوصی انٹرویو میں افغانستان کی صورتحال، پاکستان کا خطے میں کردار اور طالبان کے ساتھ امن بات چیت کے ٹھوس اقدامات پر زور دیا ہے۔ملبن کا کہنا تھا ہمیں افغانستان میں امن کے حصول اور طالبان کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لئے زیادہ توجہ اور کوشش سیاسی حل ڈھونڈنے کے لئے کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ اتنا آسان نہیں ہوگا اور اس کے لئے مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔ اس کے لئے سٹرٹیجک ماحول میں تبدیلی لانی ہوگی۔ جس سے طالبان کو قائل کرنا آسان ہو کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئیں۔ خطے میں پاکستان کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے نمائندہ خصوصی نے کہا پاکستان کا کردار بہت اہم ہے۔ اس کا اپنا نظریہ ہو سکتا ہے کہ اس کا کس قسم کا کردار ہونا چاہئے یا اسے کیا کرنا چاہئے۔ جب تک افغانستان کے معاملے پر پاکستان تعاون کرنے والا ساتھی نہیں بنتا، ہمارے لئے مشکل ہوگا کہ ہم مطلوبہ نتائج حاصل کرسکیں۔ یہ طویل عرصے سے ایک چیلنج رہا ہے امریکہ اور یورپی یونین جو چاہتے ہیں پاکستان اس سے بالکل مختلف سوچ رکھتا ہے یہاں پر ایک خلا ہے جسے پُر کرنے کی ضرورت ہے۔