پنجگور :بارودی سرنگ دھماکہ 5 جاں بحق :بزدلانہ کاروائیاں عزم کمزورنہیں کرسکتیں:شہباز شریف
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) ضلع پنجگور میں پاک ایران سرحد ی علاقے میں بارودی سرنگ کا دھماکہ 5 افراد جاںبحق 6 زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر پنجگورجبار بلوچ کے مطابق ضلع پنجگور کے تاجر ایک گاڑی میں مویشی فروخت کرنے کیلئے ایران جارہے تھے کہ چیدگی کے مقام پر گاڑی باردوی سرنگ سے ٹکرا گئی جس میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ایرانی فورسز کی جانب سے بارڈر پر غیرقانونی نقل وحرکت روکنے کیلئے بارودی سرنگیں بچائیں گئیں ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دھماکہ کے بعد ایرانی حدود سے راکٹ حملے اور خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو پنجگور ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ مزید کارروائی جاری ہے۔
پنجگور/ دھماکہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجگور کے علاقے چیدگی میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خلاف متحد اور یکسو ہے۔ بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے پاکستانی قوم کے دہشت گردی کے خلاف پختہ عزم کو غیرمتزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفر کردار تک ضرور پہنچیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘ کے میگزین ایڈیٹر جی آر اعوان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔