نوازشریف سے یکجہتی کیلئے مسلم لیگ ن کی ریلیاں‘ سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحریک انصاف کا جشن جاری
لاہور اسلام آباد (خبر نگار + سپیشل رپورٹر + نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نوازشریف سے اظہاریکجہتی اور تحریک انصاف کی طرف سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر جشن منانے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے کونسلروں اور کارکنوں نے نوازشریف سمیت قائدین سے اظہار یکجہتی کیلئے ٹائون ہال سے استنبول چوک تک ریلی نکالی جس میں قائدین کے حق میں اور عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ اسلام آباد میں مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمینوں‘ طلبہ ونگ‘ لیبر ونگ‘ ایم ایس ایف کے رہنمائوں نے جی نائن اسلام آباد اور چٹھہ بختاور سے ریلیاں نکالی گئیں۔ دونوں ریلیاں آبپارہ میں یکجا ہوئیں اور بعدازاں پریس کلب کے باہر دھرنا دیا گیا اور سپر مارکیٹ کے قریب احتجاجی جلسہ کیا گیا۔ دوسری ریلی چٹھہ بختاور سے ڈپٹی میئر چودھری رفعت جاوید کی قیادت میں نکالی گئی۔ سپر مارکیٹ میں مختصر احتجاجی جلسہ کیا گیا۔ سردار مہتاب نے کہا کہ پاکستان کی 73 سال کی تاریخ میں ایسے فیصلہ کی مثال نہیں ملتی جو پانامہ کیس کا کیا گیا ہے۔ عوام میاں نوازشریف کی قیادت میں متحد ہیں۔ ملتان میں احتجاج کے دوران یوسی چیئرمین نے خودسوزی کی کوشش کی۔ لاہور کے حلقہ این اے 124 میں یوسی پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ اور ویمن ونگ ایگزیکٹو کمیٹی کی ممبر مسرت چیمہ کی طرف سے مرکزی دفتر میں تقریب میں سینکڑوں مردوخواتین کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب میں میاں افتخار‘ حاجی صادق‘ چودھری عبیدالرحمن‘ چودھری آصف اور محمد اصغر بٹ سمیت حلقے کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عدالتی فیصلے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور عمران خان کی درازی عمر اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے کئی سالوں پہلے ملک میں معاشی اور سماجی انصاف اور کرپشن کے خاتمے کیلئے جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا‘ پانامہ لیکس پر عدالت کا تاریخی فیصلہ اس کا ثمر ہے۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ پوری قوم جے آئی ٹی کے ممبران کو دبائو کے باوجود شفاف تحقیقات اور عدالت عظمیٰ کے ججز کو حق اور سچ پر مبنی فیصلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شیخوپورہ میں اظہاریکجہتی ریلیوں سے چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ رانا احمد عتیق انور اور رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول نے خطاب میں کہاہے کہ میاں نوازشریف پہلے بھی ہمارے دلوں کی دھڑکن تھے آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ شیخ شبیر احمد‘ رانا ماجد نواز‘ چودھری فریاد بہادر بھلہ‘ وائس چیئرمین ریاض گجر‘ تحصیل صدر حاجی مظفر احمد ظفر‘ چیف کوآرڈنیٹر چودھری محمود احمد گورائیہ‘ وائس چیئرمین کوٹ عبدالمالک ملک ضیاء اللہ‘ ڈسٹرکٹ میڈیا کوآرڈینیٹر ندیم گورایہ‘ممبر ضلع کونسل عامر حسیب‘ چودھری ارشد ورک‘ عطیہ افتخار بیگ‘ حاجی رفیق الحسن قریشی و دیگر بھی موجود تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما و چیئرمین ضلع کونسل انجینئر رانا احمد عتیق انور کی یادت میں اظہار یکجہتی ریلی نارنگ منڈی سے ہوتی ہوئی واپس مریدکے پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں شیخ شبیر‘ رانا ماجد نواز‘ رانا حسیب و دیگر پارٹی رہنمائوں‘ منتخب بلدیاتی نمائندوں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ (ن) ڈسٹرکٹ شیخوپورہ چودھری محمود اختر گورائیہ کی قیادت میں نکالی گئی ریلی کوٹ عبدالمالک چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں میاں ضیاء عبدالحمید رحمانی‘ نیامت علی خان و دیگر نے شرکت کی۔ حافظ آباد میں ضلعی سیکرٹریٹ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ حاجی جمشید عباس تھیم‘ چودھری امجد پرویز چٹھہ اور خالد محمودبٹ و دیگر نے کی۔تحریک انصاف حلقہ پی پی 169 ضلعی سینئر نائب صدر رانا وحید احمد خاں کی زیر قیادت ان کے ڈیرہ سچا سودا سے ریلی نکالی گئی۔ شرکاء ریلی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔ انصاف لائرز فورم کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ بار ہال میں ضلعی جنرل سیکرٹری چودھری خرم ریاض کاہلوں، کامران ذوالفقار، تنویر حسن ورک، رمیض احسن ورک، مزمل حسین، فیضان مان، شبیر سیال، میاں ارشد، نعمان ظفر چٹھہ ایڈووکیٹ سمیت وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ بار شیخوپورہ کے صدر میاں عبدالسعید ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری میاں لیاقت علی ایڈووکیٹ کی کال پر مکمل ہڑتال کی گئی۔ گوجرانوالہ میں چھیکے سندھواں میں یو سی چیئرمین شاہد ناگرہ کے ڈیرہ پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پانامہ کیس فیصلے کی خوشی میں آتشبازی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور مٹھائی تقسیم کی۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر یوم تشکر منایا مساجد میں لوگوں نے شکرانے کے نوافل ادا کئے اور پاکستان کی سیاست و استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں جامع مسجد انوار میدنہ میں منعقدہ تقریب سے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے ٹیلی فونک میں کہا کہ عدالتی جراتمندانہ فیصلہ پاکستانی تاریخ کا سنہری باب ثابت ہوگا ۔ لاہور ہائیکورٹ بار وکلاء کل یوم تشکر منائیں گے اس حوالے سے 31 جولائی کو جنرل ہاؤس کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا۔ سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں یوم عزم منایا گیا راولپنڈی، کراچی، فیصل آباد، کوئٹہ سمیت بڑے شہروں میں یوم عزم ریلیاں منعقد کی گئیں سراج الحق نے راولپنڈی میں یوم عزم ریلی میں کہا ہے کہ شرم کی بات ہے کہ ملک کا وزیراعظم ایک چھوٹے سے ملک کی مل کا ملازم ہے۔ ہم سپریم کورٹ میں سب سے پہلے اس لئے گئے کہ ملک سے اشرافیہ اور حکمران کی کرپشن کو ختم کیا جا سکے حکمران عوام کے ٹیکسوں اور بلوں کو شیر مادر سمجھ کر پیتے رہے۔