پارٹی میں دراڑ نہیں‘ نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ قوم نے تسلیم کیا نہ تاریخ کریگی: شاہد خاقان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نامزد عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نوازشریف کے سیاسی مقام اور حیثیت کسی عہدے سے بالاتر ہے۔ پانامہ کیس پر عدالتی فیصلہ افسوس ناک ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عبوری دور میں ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کی کوشش کی جائیگی اور قومی معاملات کو افہام و تفہیم سے آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے میاں محمد نوازشریف اور پارلیمانی پارٹی کی طرف سے ان پر اظہار اعتماد کا شکریہ ادا کیا۔ نامزد عبوری وزیراعظم نے کہا کہ قوم نے نوازشریف کی نااہلی کے فیصلے کو قبول کیا نہ تاریخ بھی اس فیصلے کو قبول نہیں کریگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تمام منصوبے اور اہداف حاصل کریں گے اور پاکستان کی معیشت مضبوط اور پاکستان کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ عبوری وزیراعظم نامزد کرنے کے بارے میں سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ لیڈر شپ کا فیصلہ تھا۔ خوش آئند بات یہ کہ پارٹی میں کوئی امیدوار نہیں تھا اور پارٹی نے اس فیصلہ کو قبول کیا۔ پارلیمانی پارٹی میں تمام ارکان قومی اسمبلی موجود تھے اور کسی کو ڈھونڈنا نہیں پڑا‘ پارٹی میں کوئی دراڑ نہیں ہے۔ دریں اثنا نامزد عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پروٹوکول فراہم کردیا گیا۔